اڈپی ، 15 / ستمبر (ایس او نیوز) سومیشورا ریزرو فاریسٹ کے قریب واقع نیلّی کٹے مندر کے پاس جنگلی ہاتھیوں کا ہنگامہ پھر ایک بار سامنے آیا جب ایک جنگلی ہاتھی نے درخت اکھاڑ دئے اور نیلّی کٹے سے میگدّے جانے والی سڑک کو بلا ک کر دیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ ناڈپالو گرام پنچایت کے صدر نے مقامی لوگوں کے تعاون سے ہاتھی کے ذریعے سڑک پر گرائے درختوں ہٹانے اور موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت کا راستہ صاف کرنے کی کارروائی انجام دی ۔
معلوم ہوا ہے کہ اس علاقے میں فی الحال ہیبری سے نیلّی کٹے ہی بس سروس دستیاب ہے ۔ اس سے آگے میگدّے تک جانے والوں کے لئے پانچ کلو میٹر تک پیدل سفر کرنا پڑتا ہے ۔ صرف اسکولی بچوں کے لئے محکمہ جنگلات کی جانب سے بس سروس فراہم کی جاتی ہے ۔ اب جنگلی ہاتھیوں کے حملوں کو دیکھتے ہوئے عوام اس علاقے سے گزرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کر رہے ہیں ۔
فاریسٹ آفیسر چیدانندپّا نے بتایا کہ "ہاتھی اس وقت جنگلاتی علاقے میں گھوم رہا ہے ۔ لیکن تا حال کسی نجی فارم کو نقصان نہیں پہنچا ہے ۔ ہم لوگ اس کی حرکات نگرانی کر رہے ہیں اور اگر ضروری ہوا تو اس سلسلے میں کارروائی کی جائے گی ۔